امیر جماعت اسلامی سرج الحق کا کہنا ہے کہ علی عمران کی جلد بازیابی صوبائی و وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے.
امیر جماعت اسلامی وسینیٹر سرج الحق نے جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید کے لاپتہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی عمران کی جلد بازیابی صوبائی و وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے.
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ لوگوں کو اغوا کر کے غائب کردینا لاقانونیت کی بدترین مثال ہے.
قبل ازیں رکن سندھ اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی کراچی سید عبدالرشید نے کہا ہے کہ سینئر رپورٹر جیو نیوز علی عمران سید کی گمشدگی قابل تشویش و مذمت ہے، سینئر صحافی کی گمشدگی نے حکومتی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے.
صحافیوں کے اغوا اور قتل کے نہ رکنے والے واقعات ملک میں جمہوریت قانون کی بالا دستی اور عدلیہ اور اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
ایم پی اے سید عبدالرشید نے کہا کہ علی عمران کی فوری باحفاظت گھر واپسی حکومت اور اداروں کا امتحان ہے، وفاقی وسندھ حکومت اور پولیس سمیت سیکیورٹی ادارے علی عمران سید کی بحفاظت گھر واپسی یقینی بنائیں۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود سے جیو نیوز کے سینیر رپوٹر علی عمران گزشتہ شام سے لاپتہ ہوگئے ہیں،علی عمران سید کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ گھر سے کہہ کر گئے تھے کہ آدھے گھنٹے میں آرہا ہوں لیکن 15 گھنٹوں سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن علی عمران سید کا کچھ پتا نہیں ہے.