کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری سے وفاق کو سیاسی نقصان ہوا، اسد عمر

142

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) وفاقی وزیراسد عمر نے کہا ہے کہ کیپٹن صفدر کی جس طرح گرفتاری ہوئی اس کی ضرورت نہیں تھی، وہ کوئی اتنے بڑے سیاسی ٹارزن تو نہیں ہیں،ان کی گرفتاری سے وفاق کو سیاسی طور پر نقصان ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر ایک روزہ دورے پر حیدرآباد پہنچے ۔مقامی رہنماؤں سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی پیکیج میں 5بڑے منصوبوں کی ذمے داری وفاق نے لی ہے، کے فور پر دوبارہ کام شروع ہوگا اور یہ منصوبہ اب واپڈا مکمل کرے گا، کراچی میں گرین لائین منصوبے کے لیے بسوں کا آرڈر کردیا ہے، جبکہ شہر میں نالوں کی صفائی سے قبل لوگوں کی منتقلی ضروری ہے جو سندھ حکومت نے کرنی ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی واقعے پر بلاجواز احتجاج کیا جارہا ہے، جب وزیر اعلیٰ اور آئی جی نے خود نہیں کہا کہ وہ اغوا ہوئے تو پھر احتجاج کس چیز کا کیا جارہا ہے، بابائے قوم کی قبر کی بے حرمتی کی گئی اور وہاں چھلانگیں لگائی گئیں۔ اگر کورونا وبا نہ ہوتی تو ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کراچی میں ایک بڑا عوامی جلسہ منعقد کرکے دکھاتے۔