فنڈ جاری،کراچی میں فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم ہوگی

67

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کھانے پینے کی اشیا کے معیار کو جانچنے کے لیے ذمے دار سندھ فوڈ اتھارٹی کراچی یونیورسٹی کے تعاون سے جلد فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرے گی، اتھارٹی کے پاس ابھی تک فوڈ ٹیسٹنگ کے لیے کوئی لیبارٹری نہیں ہے۔ فوڈ کے نمونے ٹیسٹنگ کے لیے پاکستان کاؤنسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کی کراچی میں قائم لیبارٹری اور 2 پرائیویٹ لیبارٹریوں کو بھجوائے جاتے ہیں ۔سندھ فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشن محمد توفیق نے بتایا ہے کہ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے سلسلے میں حکومت سندھ نے 100 ملین روپے جاری کردیے ہیں،فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے لیے جلد کراچی یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائینگے۔ لیبارٹری 2021ء میں آپریشنل ہوجائے گی، سندھ فوڈ اتھارٹی نے اب تک 22 سو فوڈ آپریٹرز کی رجسٹریشن کی ہے، ڈائریکٹر آپریشن محمد توفیق کے مطابق لائسنس یافتہ فوڈ آپریٹرز کی تعداد کم ہے۔