نجی ٹی وی کے لاپتا رپورٹر علی عمران 22 گھنٹے بعد گھر پہنچ گئے

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر علی عمران سید 22 گھنٹے  لاپتا رہنے کے بعد گھر پہنچ گئے، علی عمران نے اہلیہ سے رابطہ کیا اور آگاہ کیا کہ خیریت سے والدہ کے گھر پہنچ گیا ہوں۔ ان کی اہلیہ نے بتایا کہ علی عمران کا کہنا ہے کہ جسمانی طور پر کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا لیکن ذہنی اضطراب کا شکار ہوں۔ خیال رہے کہ سینئر صحافی علی عمران 23 اکتوبر کی شام گلستان جوہر بلاک 8 پنک ریذیڈینسی نزد اے پی پی سوسائٹی کے قریب سے لاپتا ہوئے تھے اور ان کے اہل خانہ کے مطابق وہ گھر کے نزدیک بیکری سے سامان لینے کیلیے نکلے تھے، ان کا موبائل فون بھی گھر پر ہی موجود تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی حکومت نے علی عمران کے لاپتا ہونے کا نوٹس لیا تھا۔ پولیس کے مطابق علی عمران کے بھائی طالب رضوی کی مدعیت میں سچل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں اغوا سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔ ذرائع کے مطابق مولانا عادل کے مبینہ قاتل سے شکل کی مشباہت پر حراست پر لیا گیا اور 22 گھنٹے بعد رہا کر دیا گیا۔