آئی ایم ایف کا بجلی و گیس کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ خود مختاری پر حملہ ہے

46

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114 کے قائمقام امیر رانا وسیم احمد ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی جانب سے ایک بار پھر بجلی و گیس کی قیمتیں بڑھانے کے مطالبے کو ملک کی آزادی و خود مختاری کے تقاضوں کے منافی اور غریب لوگوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف قرار دیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن، بے روزگاری کی وجہ سے ملک کی معاشی صورتحال ابتر اور عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا مطالبہ سراسر ظلم ہے۔ کیونکہ بجلی وگیس قیمتوں میں اضافے سے روٹی، ٹرانسپورٹ سمیت روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت کے دو برس کے دوران بنیادی اشیاء خوراک کی قیمتوں میں 50 تا 100 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ تبدیلی و معاشی خوشحالی کے دعویدار حکمرانوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کمر توڑ مہنگائی میں عوام کی قوت خرید ختم ہو کر رہ گئی ہے۔