پی ڈی ایم کے کسی کارکن کو گرفتار نہیں کیا: بلوچستان حکومت

196

بلوچستان حکومت نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کی تردید کردی۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پی ڈی ایم کے کسی کارکن کو گرفتار نہیں کیا اور نہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دی، شہر میں کہیں پر بھی کنٹینر نہیں رکھا، ہم جلسے میں رکاوٹ نہیں دالیں گے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جلسے کی تاریخ تبدیل کرلیتی تو کون سی آفت آجاتی۔

‘پی ڈی ایم قیادت سے کوئٹہ جلسہ ملتوی کرنے کی اپیل’

بلوچستان حکومت نے گزشتہ روز پی ڈی ایم سے کوئٹہ جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کردی تھی۔ لیاقت شاہوانی نے کہا تھا کہ صوبے میں نیکٹا کی جانب سے سکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا، صوبائی حکومت سکیورٹی معاملات کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔

لیاقت شاہوانی نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل 11 جماعتوں کی جانب سے کارکنوں کو دیگر شہروں سے بلوچستان لانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں سکیورٹی خدشات پر ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہیے۔ پی ڈی ایم قیادت سے درخواست کرتے ہیں کہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ ملتوی کر دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ صوبے میں دہشت گردوں کی جانب سے سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا جاتا رہا۔ ملک کے دیگر علاقے سے آنے والے افراد کورونا لائیں گے۔ اگر صوبے میں وبا پھیلی تو ذمہ دار پی ڈی ایم قیادت ہوگی۔