سگریٹ نوشی چھوڑنے کے بعد بھی کھانسی مگر کیوں؟

274

اگرچہ سگریٹ نوشی چھوڑنے کے بعد بھی کھانسی کا برقرار رہنا عام بات نہیں ہے لیکن پھر بھی کچھ لوگ تمباکو نوشی چھوڑنے کے فوراً بعد معمول سے زیادہ کھانسی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

سگریٹ نوشی چھوڑنے کے بعد کھانسی عام طور پر عارضی ہوتی ہے اور در حقیقت یہ اس بات کی علامت ہوسکتی ہے کہ آپ کا جسم ٹھیک ہونے لگا ہے۔ تمباکو کا دھواں پھیپڑوں میں موجود چھوٹے بالوں (cilia) کی حرکت کو سست کردیتا ہے جو بلغم کو آپ کے پھیپھڑوں سے باہر منتقل کرتے ہیں۔

جب آپ تمباکو نوشی چھوڑتے ہیں تو یہ بال ایک بار پھر سرگرم ہوجاتے ہیں۔ جب سیلیا ٹھیک ہونے لگتے ہیں اور آپ کے پھیپھڑوں سے بلغم صاف ہوتا ہے تو آپ کو معمول سے زیادہ کھانسی ہوسکتی ہے۔

اس کیفیت میں زیادہ سے زیادہ پانی، چائے اور جوس پیئیں۔ سونے کے وقت دو چائے کے چمچ شہد بھی کیفیت میں بہتری لاسکتا ہے۔

اگر کھانسی ایک مہینے سے زیادہ عرصہ تک جاری رہتی ہے یا آپ کو کھانسی میں خون آرہا ہے تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔