اپوزیشن کی تحریک کو اسرائیل اور بھارت سے ملانا مضحکہ خیز ہے، سندھ حکومت

72

کراچی(مانیٹر نگ ڈ یسک)سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک کو اسرائیل اور بھارت سے ملانا مضحکہ خیز ہے ۔ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تحریک انصاف کے وفاقی وزیر مراد سعید کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مراد سعید کے بیان سے ان کی تکلیف کا ہمیں بخوبی اندازہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو اسرائیل اور بھارت سے ملانا مضحکہ خیز ہے، پیپلز پارٹی کی قیادت نے وطن عزیز اور جمہوریت کی بحالی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، آپ کی جماعت تو قربانی کے نام تک سے ناواقف ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس نااہل حکومت نے ملک کو کنگال کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، جھوٹی اور بے بنیاد وڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانا وزیر موصوف کی شر انگیزی ہے، آپ کے ہتھکنڈوں سے بوکھلاہٹ عیاں ہوگئی ہے، وزیر موصوف کو شاید علم نہیں کہ ابھی تو پی ڈی ایم کی تحریک شروع ہوئی ہے، مراد سعید پیپلز پارٹی قیادت پر تنقید کرنے اور اپنا بونا قد اونچا کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں مگر آپ کچھ بھی کرلیں نااہل حکومت کا جانا مقدر بن چکا ہے۔