ستائیس اکتوبر برصغیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے‘ صلاح الدین

132

مظفر آباد (صباح نیوز) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئر مین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ27ا کتوبر47ء برصغیر کی تاریخ کا بدترین اور سیاہ ترین دن ہے، ایک آزاد قوم کو طاقت کے بل پر محکوم بنا دیا گیا، عالمی اداروں کی بے بسی انتہائی افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ جہاد کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سامراج نے آج ہی کے دن سرزمین جموں و کشمیر پر فوجیں اُتار کر ناجائز قبضہ جمایا اور ایک امن پسند قوم کا بنیادی حق غصب کرکے اسے جبری غلامی میں مبتلا کردیا ۔ بھارت کے غاصبانہ قبضے کے نتیجے میں 5 لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں، لاکھوں لوگ زخمی، ہزاروں خواتین بیوہ اور لاکھوں بچے یتیم ہوچکے ہیں۔اب ریاست کے مسلم تشخص کو ختم کرکے ،اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ صلاح الدین نے حکومت سے اپیل کی کہ کشمیری عوام کی مدد صرف سفارتی اور سیاسی حد تک محدود نہ رکھیں،اگر معاملات صرف سیاست اور سفارت تک محدود رہے تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہوںگے۔ جہاد کو نسل کے چیئرمین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہدا کے لہو سے کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوکررہے گا۔