گستاخانہ خاکوں کیخلاف بلوچستان اور پختونخوااسمبلی میں قراردادیں منظور

61

کوئٹہ/پشاور/کراچی (آن لائن/اے پی پی/اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی اور سینیٹ کے بعدبلوچستان اور پختونخوا اسمبلی نے خاتم النبین حضرت محمدؐ کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کرکے عمارتوں پر لگانے اورفرانسیسی صدرکی اسلام مخالف تقریر کیخلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کرلی ۔ ،جبکہ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سعید آفریدی نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔ بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزراء و حکومتی اراکین میرضیاء اللہ لانگو،میرعارف محمدحسنی،میرظہوراحمدبلیدی، نور محمد دمڑ، عبدالخالق ہزارہ ،مبین خلجی اور قادر علی نائل نے مشترکہ مذمتی قرار داد ایوان میں پیش کی۔قرارداد میں مطالبہ کیاگیا کہ سوشل میڈیاسے اسلام مخالف مواد ہٹانے اور اسلام فوبیا مواد شائع کرنے پرہولو کاسٹ جیسی پابندیاں لگائی جائے۔ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ فوری طورپر فرانس سے سفارتی رابطے منقطع کرکے سفیر کو ملک بدر اور ان کی مصنوعات پر مکمل پابندی عاید کی جائے،ان کا کہنا تھا کہ حضور اکرم ؐ کی حرمت پر مسلم امہ جان قربان کرنے کے لیے تیار ہے ،نام نہاد اظہار آزادیکے علمبرداردنیا کے امن و سلامتی کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ فرانسیسی صدر کی جانب سے ایسے اقدام کی حمایت سے مغربی دنیا کا اسلام فوبیا کا چہرہ کھل سامنے آچکا ہے۔