جماعت اسلامی نے سود کیخلاف تحریک کا آغاز کردیا،پروفیسرمحبوب الزماں

92

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی نے سود کے خلاف ملک گیرتحریک کا آغاز کردیا،سودی نظام کا خاتمہ قرآن وسنت اور آئین پاکستان کا تقاضا ہے، سود ملکی نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے، سودی نظام نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے،سودی نظام انسانیت کے مستقبل کے لیے خطرہ ہے، سودی نظام کا جاری رکھنا نظریہ پاکستان،قائد اعظم اور شہدائے پاکستان سے غداری ہے،حکومت اگر واقعی ریاست مدینہ بنانا چاہتی ہے تو سپریم کورٹ سے اپنی اپیل واپس لے ،اسٹیٹ بینک آف پاکستان ملک سے سود ختم کرنے کے لیے کام کاآغازکرے۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں زونل امراء اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ملک معراج الدین بھی موجود تھے۔محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ اسلام میں سود کا کوئی تصور نہیں، جس شکل میں بھی ہو سود حرام ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر قوم کرپشن سے پاک پاکستان دیکھنا چاہتی ہے تو پھر اسے جماعت اسلامی کا ساتھ دیناہوگا ۔ جماعت اسلامی کے سینکڑوں لوگ قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے ممبر رہے ، مگر کسی کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ۔ قوم کو سراج الحق کے ہاتھ مضبوط کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کرپٹ مافیا نے یرغمال بنایاہے ۔ یہ سیاستدان نہیں لٹیروں کا ٹولہ ہے ان کی اصل جگہ اڈیالہ جیل ہے ۔ یہ پارٹیاں اور جھنڈے بدلتے ہیں مگر اپنے کرتوت بدلنے کو تیار نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر ملک سے کرپشن ختم ہو جائے اور لوٹی گئی 375 ارب ڈالر کی رقم واپس ملک میں آ جائے تو ہم عوام کو تعلیم ، صحت ، روزگار اور بجلی و گیس کی سہولتیں مفت دے سکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن غریب نہیں وی آئی پیز کرتے ہیں ۔ ان سیاسی پنڈتوں اور معاشی دہشتگردو ں کا محاسبہ کرناہوگا۔