مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی محاصرہ انسانیت کی تذلیل ہے،جاوید قصوری

56

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کو 73 برس پورے ہونا اقوام متحدہ اور پوری عالمی دنیا کے چہروں پر سیاہ دھبہ ہے۔ بھارت نے ظلم کی تمام حدیں عبور کردی ہیں۔ 448 روز گزر چکے ہیں، بھارت نے پوری وادی میں کرفیو لگا رکھا ہے۔ یہ غیر قانونی محاصرہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور انسانیت کی تذلیل ہے۔ جماعت اسلامی پنجاب کے زیر اہتمام آج آزادی کشمیر سیمینار پریس کلب لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کیخلاف شہر لاہور کے باسیوں نے ہمیشہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اپنا قومی فریضہ سرانجام دیا ہے اورآئندہ بھی سرانجام دیتے رہیں گے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کشمیر کے نہتے 80 لاکھ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جماعت اسلامی نے ہمیشہ ہر فورم پر جاندار انداز میں آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ظلم وستم کے پہاڑ توڑ ڈالے ہیں۔ عالمی برادری کو مسلمانوں کے حوالے سے اپنے دہرے معیار بدلنے ہوں گے۔ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردوں پر من وعن عمل درآمد کیا جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ1989ء سے لے کر اب تک بھارت نے ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔ ہزاروں خواتین کی بے حرمتی کی گئی ہے۔ ہزاروں نوجوان آج بھی بھارت کی مختلف جیلوں میں اپنے ناکردہ گناہوں کی سزائیں بھگت رہے ہیں۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بھارتی حکمران کشمی رمیں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کررہے ہیں اور حوالے سے ہزاروں ہندئوں کو کشمیر میں آباد کرنے کے لیے ڈومیسائل جاری ہوچکے ہیں۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر رائے عامہ ہموار کریں اور اصل حقائق دنیا کے سامنے لائے جائیں۔