نواز شریف عمران خان سے گٹھ جوڑ کے نتیجے میں ملک سے باہر گئے

74

 

کراچی (رپورٹ: خالد مخدومی) مسلم لیگ کی اتحادی پیپلز پارٹی سمیت ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے نواز شریف کے اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ سے یوٹرن لینے کو ممکن قرار دے دیا‘ عمران خان اور نواز شریف نے ایک دوسرے کو این آر او دیا ہوا ہے‘ نواز شریف عمران خان سے گٹھ جوڑ کے نتیجے میں ملک سے باہر گئے‘ ووٹ کو عزت دو کے نعرے کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے‘ کوئٹہ جلسے میں عوامی مسائل کے حوالے سے بات تک نہیں کی گئی‘نواز شریف 1985ء سے اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آ رہے ہیں‘ نوازشریف کو اقتدار دیے جانے کا اشارہ مل جائے تو وہ اپنے بیانیے پر خاموشی اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو تبدیل بھی کرسکتے ہیں‘ یہ بیانیہ دشمن ملک کے لیے پاکستان مخالف پروپیگنڈے کا حصہ بن رہا ہے‘ نواز
شریف غیر ذمے داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں‘ انتشار پھیلانے کی سیاست کر رہے ہیں‘ ن لیگ کو اب اسٹیبلشمنٹ سے مدد ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے‘ نواز شریف اپنے ملک اور فوج دشمن بیانیے کو نہیں چھوڑیںگے ‘ وہ اپنا فوج دشمن بیانیہ نئے نئے انداز میں سامنے لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، پیپلز پارٹی کے رہنما، سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری اعتزاز احسن، وفاقی وزیر آئی ٹی، متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما سید امین الحق، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی، معروف دفاعی تجزیہ نگار ائر وائس مارشل (ر) شاہد لطیف اور رکن سندھ اسمبلی اور فنکشنل لیگ کی رہنما نصرت سحر عباسی نے جسارت سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ مولانا اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ اور ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ایک سیاسی کھیل ہے‘ عمران خان اور نواز شریف ایک دوسرے کو این آر او دے چکے ہیں‘ نواز شریف عمران خان سے گٹھ جوڑ کے نتیجے میں ملک سے باہر گئے ہیں‘ اس تحریک کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے‘ کوئٹہ کے جلسے میں عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی‘ نواز شریف کو پاکستان آکر اپنے خلاف قائم مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ چودھری اعتراز احسن کا کہنا تھاکہ نواز شریف3 مرتبہ اقتدار میںاسٹیبلشمنٹ کی مدد سے آئے‘ ان کو آج بھی اسٹیبلشمنٹ کا اشارہ مل جائے تو ان سمیت پوری مسلم لیگ نہ صرف اپنے موجودہ بیانیے پر خاموشی اختیار کرلے گی بلکہ وہ اس سے یوٹرن بھی لے سکتی ہے۔ امین الحق نے کہا کہ ن لیگ کی پوری تاریخ یوٹرن سے بھری ہوئی ہے ۔ معروف تجزیہ نگارشاہد لطیف نے کہا کہ نواز شریف اپنا فوج دشمنی کا بیانیہ کسی صورت نہیں بدلیں گے ‘ نواز شریف اپنے ملک اور فوج دشمن بیانیے کو انداز بدل کرپیش کریںگے۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ اب اسٹیبلشمنٹ نواز شریف کی اقتدار میں واپسی کے لیے کوئی مددنہیں کرے گی‘وہ ملک دشمن بیانیے کے ذریعے گمراہ کر رہے ہیں۔ نصر سحر عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک میںانتشار کا سبب بن رہا ہے اوراس سے ملک دشمن قوتوں کو تقویقت مل رہی ہے۔