سی ایس ایس امتحان کی تیاری کے لئے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر قائم

226

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ سی ایس ایس کے امتحان کی تیاری کے لئے فریئر ہال میں سی ایس ایس کارنر قائم کردیا گیا ہے جبکہ آئندہ ہفتے المرکز اسلامی فیڈرل بی ایریا میں بھی سی ایس ایس کارنر کا آغاز ہوجائے گا، سی ایس ایس کے امتحان میں شرکت کرنے والے افراد کے لئے یہاں مفت کورسز کا انتظام کیا گیا ہے۔

جس کے دوران موجودہ، سابق بیورو کریٹس، سفارتکار اور سینئر افسران شرکاء کی مدد کریں گے، کورسز کے دوران مفت کتابیں اور دیگر مواد فراہم کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئرہال میں سی ایس ایس کارنر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم،سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم سمیت سینئر افسران اور سی ایس ایس کے امتحان میں بیٹھنے والے طالب علموں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پارکس طحہٰ سلیم کی کوششوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کے نوجوان سی ایس ایس امتحان میں کامیابی کے لئے اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ اس موقع پر سینئر افسران اور بیوروکریٹس اپنے تجربات کی روشنی میں شرکاء کو امتحان کی تیاری کرائیں گے جس سے شرکاء کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس آپ کی صلاحیتوں کا بھرپور امتحان ہے، اس میں سرخرو ہونا فخر کی بات ہے،کامیابی کے لئے اچھی کتابوں کا مطالعہ ضروری ہے،گوگل آپ کو انفارمیشن فراہم کرتا ہے،علم نہیں اس لئے کتابوں سے بھر پور استفادہ کریں،سی ایس ایس مقابلے کا امتحان ہے جس میں کامیابی کے لئے شرکاء اپنے سبجیکٹ پر بھرپور توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے المرکز اسلامی،عائشہ منزل فیڈرل بی ایریا میں بھی سی ایس ایس کارنر کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے لئے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، ہماری کوشش ہے کہ کراچی کے ہر علاقے میں رہنے والے اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ سی ایس ایس امتحان میں شرکت کے خواہش مند طالب علم اپنے رجسٹریشن کے لئے فریئر ہال میں پارکس ڈپارٹمنٹ کے دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ المرکز اسلامی میں بھی اس حوالے سے ڈیسک قائم کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے طالبعلم صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور ان کے ٹیلنٹ سے پورا استفادہ کیا جانا چاہئے، آج کے طالب علم ہی کل اہم انتظامی عہدوں پر براجمان ہوں گے لہٰذا وہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دیں اور جہاں تک سی ایس ایس کی تیاری کا سوال ہے جہاں سے بھی انہیں مدد مل سکے ضرور حاصل کریں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے امید ظاہر کی کہ کراچی میں قائم کئے جانے والے اپنی نوعیت کے یہ پہلے سی ایس ایس کارنر طلبہ کو سی ایس ایس امتحان کی تیاری میں بھرپور مدد فراہم کریں گے اور ان کے لئے یہ موقع انتہائی مفید ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ سی ایس ایس کارنر میں اب تک 40 سے زائد اسٹوڈینٹس کی رجسٹریشن ہوچکی ہے اور یہ عمل جاری ہے، سی ایس ایس کورس کی کلاسز روزانہ شام 5 بجے شروع ہوں گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی بھی ہر پندرہ روز میں کلاس لیں گے جبکہ سابق بیوروکریٹس، سفارتکار اور سینئر افسران کورس میں شریک طالب علموں کی معاونت اور رہنمائی کے لئے دستیاب رہیں گے۔