امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہے کشمیریوں کی تیسری نسل بھارت کے خلاف برسرپیکار ہے بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اسے ذلت کے ساتھ کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔
مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب آج یوم ِ سیاہ منایا جارہا ہے۔مختلف علاقوں میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی قبضے کے خلاف احتجاجی ریلیاں، سیمنیار، مظاہرہ اور دیگر تقریبات منعقد کی گئی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے 27اکتوبر 1947کوکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی طرف سے منائے جانے والے یوم سیاہ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت 74سال سے تمام تر ظلم و جبر اور فسطائیت کے باوجود کشمیر یوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا اور نہ کبھی ہوسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کو کشمیر کے کونے کونے میں مزاحمت کا سامنا ہے کشمیریوں کی تیسری نسل بھارت کے خلاف برسرپیکار ہے بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اسے ذلت کے ساتھ کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔