پی ٹی آ ئی وومن ونگ کے تحت ”بریسٹ کینسر“کی آگاہی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

195

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) خاتون اول بیگم سمینہ علوی کی ہدایت پر بریسٹ کینسر آگاہی کے حوالے سے ضلع شرقی شعبہ خواتین کی صدر شازیہ سہیل جعفرانی کی جانب سے چھاتی کے سرطان کے حوالے سے آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔

تقریب کی مہمان خصوصی بیگم ریما عمران اسماعیل تھیں اور معزز مہمانوں میں بیگم فردوس شمیم نقوی،بیگم علی عزیز جی جی،بیگم کریم بخش گبول،بیگم عامر لیاقت حسین، تحریک انصاف شعبہ خواتین کراچی ریجن کی صدر فضا زیشان،جنرل سیکرٹری ارم بٹ ان کی کابینہ ارکان، سیم خان اورضلع شرقی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈاکٹر کرن آصف،کاش فاؤنڈیشن (این جی او) کے چیئرپرسن عدنان قمر نے حاضرین میں کینسر سے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں اس مرض سے متاثر ہونے والوں میں اضافہ ہورہا ہے اور اس کی ابتدائی تشخیص ضروری ہے لیکن طبی ماہرین کو خدشہ ہے کہ اکثر خواتین اس مرض کے بارے میں بات کرنے سے ہچکچاہٹ محسوس کرتی ہیں۔

اس سلسلے میں آگاہی پروگرام کا انعقاد مددگار ثابت ہوگا۔ اس حوالے سے ضلع شرقی کی صدر شازیہ سہیل جعفرانی اور کابینہ ممبران کی جانب سے تمام مہمانوں کی آمد پر شکریہ بھی ادا کیا گیا اور کہا کہ بریسٹ کینسر کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ آگاہی مہم کے حوالے سے بھرپور طریقے سے کام کریں گی اور ضلع ایسٹ کی تمام یونین کونسل میں آگاہی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔