کشمور ، گستاخانہ خاکوں کیخلاف ریلی، فرانس مخالف نعرے

107

کشمور(نامہ نگار) فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت مزاری ہائوس سے تھرمل پاورگڈو کے گیٹ نمبر ون تک حرمت رسول ؐ ریلی نکالی گئی۔شرکا حرمت رسول پر جان بھی قربان ہے،غلام ہیں غلام ہیں رسول کے غلام ہیں ، فرانس مردہ باد ، فرانسیسی صدر مردہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فرانس میں گستاخانہ خاکے قابل مذمت اورمغرب کے دہرے معیار کی عکاسی ہے۔صدر ماکرون کی انتہاپسندی خود مغرب اور فرانس کے لیے زہر قاتل ثابت ہوگی۔ مغرب کی ڈھٹائی اورمنافقت کی حد یہ ہے کہ خود کو سیکولر اور لبرل کہنے والے فرانس اور فرانسیسی صدر ماکرون تنگ نظر اور صلیبی ٹولے کے رہنما بن چکے ہیں،مسلمانوں کے ردعمل کو تو قابل جرم قراردیا جارہا ہے لیکن جس جسارت کے نتیجے میں ردعمل پیدا ہوا اسے یکسر نظرانداز اور ریاستی طور پر بھرپور حمایت کی جارہی ہے۔کوئی بھی مسلمان چاہے وہ کتنا ہی گنہگار کیوں نہ ہو وہ اپنے نبی مہربان ؐ کی شان میں کوئی بھی گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔جمعہ کو امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر بھرپور احتجاج کریں گے۔ریلی سے عبدالحفیظ بجارانی ،لالہ عبدالفتاح پٹھان،دلی جان مزاری، عارف عزیز حافظ شعیب اقبال نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ اورسفیر کو ملک بدرکیا جائے۔