نااہلی کی وجہ سے دہشت گردی نے پھر سراٹھالیا‘ مریم نواز

59

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پشاور بم دھماکے پر وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مریم نوازنے کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد سے جس دہشت گردی کی کمر ٹوٹی تھی،اسی دہشت گردی نے آج مسلط شدہ نااہلی کی وجہ سے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے ذمے داروں کی توجہ اپنی ذمے داریوں کے بجائے اپوزیشن کو دبانے پر مرکوز ہو تو ملک دشمنوں کی توجہ ملک کا امن برباد کرنے پر ہوتی ہے۔علاوہ ازیںسربراہ بی این پی اختر مینگل نے مریم نواز سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم پلیٹ فارم کو حکومت سے نجات کا واحد حل قرار دیا ۔ سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل نے جاتی امراء میں نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیاسی صورت حال، بے روزگاری اور مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تبادلہ خیال کیا اور پی ڈی ایم کے تحت ہونے والے اب تک کے تمام جلسوں کو کامیاب قراردیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل نے مریم نواز سے ملاقات میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ مریم نواز اور اختر مینگل نے پشاور دھماکے اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بغاوت کے مقدمات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا پلیٹ فارم ہی حکومت سے نجات کا واحد حل ہے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اخترمینگل کا کہنا تھا کہ احساس محرومی میں کمی ہوتی نظر آتی توحکومت کا ساتھ نہ چھوڑتے، حکومت نے ہمارے 6 نکات پر عمل نہیں کیا تھا جب کہ ہم ایک ہی سمت میں جا رہے ہیں،یوٹرن نہیں لیا۔