استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک ) ترک صدر کی جانب سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد یورپی یونین نے ترکی کوخبردار کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ یونین کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ترکی کے اس اقدام نے ترکی کو یورپی یونین میں
شمولیت سے مزید دور کردیا ہے، یورپی یونین کے کسی رکن ملک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔کمیشن کا کہنا تھا کہ رکن ملک کی مصنوعات کا بائیکاٹ یورپی یونین میں شمولیت کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ سرکاری طور پر ترکی کا یورپی یونین کے رکن ملک کی مصنوعات کا بائیکاٹ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ ترکی کے اس اقدام سے یورپی یونین میں ترکی کی شمولیت مزید خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ترکی نے یورپی ممالک کے اتحاد یورپی یونین میں شمولیت کے لیے 1987 میں درخواست دی کی تھی۔تاہم اب تک ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم چلائے جانے کے بعد اس حوالے سے ترک صدر طیب اردوان کی جانب سے بھی اہم بیان جاری کیا گیا تھا۔ ترک صدر نے حکم دیا تھا کہ ترکی میں بھی فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ترک عوام کو کہتا ہوں کہ فرانسیسی مصنوعات نہ خریدیں۔