صدر مملکت نے آئین کی خلاف ورزی کی ،عہدے سے مستعفی ہوں، پیپلزپارٹی

63

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) پیپلزپارٹی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں صدر مملکت عارف علوی سے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رضا ربانی نے اسلام آباد میں شیری رحمن، مولا بخش چانڈیو ودیگر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہصدر ہاؤس کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا گیا‘حکومت کسی معاملے پر پارلیمان کو اعتماد میں نہیں لے رہی ‘حکومت دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کچھ نہیں کر رہی‘ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس نہیں بلا یا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، ملک میں کوئی سسٹم موجود نہیں ہے، اس کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات سر اٹھا رہے ہیں، آئی لینڈ اتھارٹی بل غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، اس سلسلے میں سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے، پارلیمنٹ کو بے توقیر کیا جا رہا ہے، قانون سازی آرڈیننس کے ذریعے ہو رہی ہے، ایسے معلوم ہوتا ہے کہ اداروں کو ایک شخص کے ماتحت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اس صورتحال پرکیا حکمت عملی ہونی چاہیے، کوئی پوچھنے والا نہیں، حکومت کسی کو اعتماد میں نہیں لے رہی، این ایس سی کا کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ متعلقہ اداروں کو مفلوج بنایا جارہا ہے، ملک فسطائیت کی طرف بڑھ رہا ہے، ملک میں طرز حکمرانی سے اندازہ ہورہا ہے کہ ون یونٹ کی طرف بڑھا جارہا ہے، صوبوں کے اختیارات سلب کیے جا رہے ہیں، ان حالات میں پی ڈی ایم نے موجودہ حکومت سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔