اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابراعوان کا کہنا ہے کہ امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر دستخط کردیے.
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ اجلاس میں کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی گھر والوں سے ٹیلی فون پر بات نہیں کروائی جارہی جس پر وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بیرسٹر بابر اعوان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی رحم کی اپیل دائر کرنے پر تحفظات کررہی تھیں لیکن اب انہوں نے رحم کی اپیل پر دستخط کردیے ہیں.
انہوں نے کہا کہ اب جیل حکام رحم کی درخواست امریکا کے صدر کو بھیج رہے ہیں اگر ہمارے اختیار میں ہوتا تو ہم عافیہ صدیقی کو 24 گھنٹوں کے اندر پاکستان لے آتے.
بابر اعوان نے کہا کہ عافیہ صدیقی کو ای میل تک رسائی حاصل ہے اور وہ اس کے ذریعے اپنے خاندان اور قونصل خانے سے رابطے میں ہیں، ڈاکٹر عافیہ نے ہمارے سفارت خانے سے کئی مرتبہ ٹیلی فون کے ذریعے ایمبسی پر بات کی ہے لیکن خاندان سے ٹیلی فون پر بات کرنے کا مجھے علم نہیں ہے.
بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی اور ایمل کانسی کو امریکا کے حوالے کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوسکتی ہے.