جماعت اسلامی پنجاب آج فرانس کیخلاف احتجاج کریگی،جاوید قصوری

61

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی سرکاری سرپرستی کیخلاف آج صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پورے صوبے میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حرمت رسولﷺ کے تحفظ کی خاطر اپنا دینی فریضہ سمجھتے ہوئے، ان مظاہروں میں بھرپور انداز میں شرکت کریں۔ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب مقدس ہستیوں کے احترام کا درس دیتے ہیں مگر بدقسمتی سے چند شرپسند عناصر اسلام دشمنی میں مکمل طور پر اندھے ہوچکے ہیں۔ وہ وقتاً فوقتاً مسلمانوں کے اندر ایمانی حرارت کو جانچنے کے لیے توہین قرآن، توہین رسول اور دیگر اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے چلے آرہے ہیں۔ فرانس کی سرکاری سرپرستی سے واضح ہوگیا ہے کہ انتہا پسندی یورپی ممالک میں کس حد تک بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اس حوالے سے زبانی کلامی اقدامات اور ٹوئٹر پیغامات سے آگے بڑھ کر امت کو متحد کرے۔ یہود و نصاریٰ کی جانب سے ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام مسلم ممالک اس مسئلے پر اکٹھے ہوں۔ سازشوں کا گڑھ بننے والے ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم اور ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عالمی عدالتیں، برادری، مذاہت کی توہین اور مسلم مخالف اقدامات کو جرم قرار دیں۔ مغرب ایک ہاتھ میں سیکولر ہونے کے سر ٹیفکیٹ اور دوسرے ہاتھ میں اشتعال انگیزی کی مشعل تھامے کھڑا ہے، انہیں مسلمانوں کے حوالے سے دوہرے معیار بدلنے کی ضرورت ہے۔ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دنیا کو صلیبی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔