گلگت میں حکومت بنا کر عوام کو ان کا حق دینگے ، بلاول زرداری

49
اسکردو: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری ننگ ڑھوق الڈینگ میں انتخابی دفتر کا افتتاح کررہے ہیں

 

اسکردو(مانیٹر نگ ڈیسک)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں حکومت بنا کر یہاں کے عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دلائیں گے اور عوام کو عمران خان سے بچانا ہے۔گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے دوران اسکردو کے علاقے روندو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت اور حق ملکیت دلانا ہے، گلگت بلتستان کی آواز کو اسلام آباد تک پہنچانا ہے، آج تک لوگ اسلام آباد میں بیٹھ کر یہاں کے فیصلے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پی پی کامیاب ہوئی تو گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے لیے فیصلے کریں گے اور وزیراعظم کون بنے اس کا فیصلہ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو عمران خان سے بچانا ہے کیونکہ2سال میں ہمارے پاکستان کا جو حال بنایا ہے
وہ سب کے سامنے ہے، مزدور، ڈاکٹر، نرسز، طلبہ یہاں تک کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی احتجاج کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کو پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سمیت ہر ادارے سے لوگوں کو بے روزگار کر رہا ہے،اسٹیل میل کو بند کر کے وہاں کے 10 ہزار مزدوروں کو بے روزگار کر رہا ہے۔مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس تباہی سے گلگت بلتستان کو بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو صوبہ چاہیے، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی چاہتے ہیں اور اپنے فنڈز میں اضافہ اور حق حکمرانی چاہتے ہیں۔کارکنوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آپ کے جذبے اور محبت کو کبھی نہیں بھول سکتا، جس طرح گلگت بلتستان کے ہر علاقے میں استقبال کیا گیا اور محبت ملی ہے اس کو کبھی نہیں بھول سکتے اور زندگی بھر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں یہاں کی آواز اور نمائندہ بن کر کام کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف اقتدار اور حکومت بنانے کی لڑائی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مستقبل کا سوال ہے، کسی لوٹے اور آزاد کے ساتھ نہیں دینا ، ہم آپ کو حق حاکمیت اور حق حکمرانی دلا کر رہیں گے۔