جنوری میں کٹھ پتلی وزیراعظم کو گھر بھیج دیں گے‘ بلاول

134

غذر(صباح نیوز)پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول زرداری نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ جنوری میں اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی اور ظالم وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے،کٹھ پتلی، نااہل اور ظالم وزیر اعظم چلے جائیں گے ، تاریخی بے روزگاری ہے اور ملک کا ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے ،یہ عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دیتے ہیں، یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں،سنا ہے کہ گلگت بلتستان میں ایک وزیر ووٹ خریدنے آئے ہیں لیکن عوام بکنے والے نہیں۔گزشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ غذر کے عوام نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، آپ کی حقوق کی جدوجہد آج کی نہیں، آپ مسلسل اس جدوجہد کو آگے لے کر چل رہے ہیں، اس تحریک میں جیالوں کا خون شامل ہے، جب غذر کے عوام نے شہادتیں دیں تو ان کا حق ہے کہ ان کی قسمت کا فیصلہ وہ خود کریں۔بلاول نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو نظر آرہا ہے کہ آپ نے پاکستان کے ساتھ کیا کیا، اس حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ کیا، عوام احتجاج کر رہے ہیں، تاریخی بے روزگاری ہے اور ملک کا ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے ،ہم عوام کو ریلیف دیتے ہیں، یہ تکلیف دیتے ہیں، یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں اور ان کے لیے ایمنسٹی اسکیم لے کر آتے ہیں۔گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ اشاروں پر چلنے والے بھی آپ کی بات مان چکے ہیں اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی بات کر رہے ہیں، ان سے پوچھیں ان کے منشور میں صوبے کی بات کیوں نہیں، اگر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ہے تو عدالت عظمیٰ سے پٹیشن واپس لو جبکہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دلائے گی۔انہوں نے کہا کہ سنا ہے ایک وزیر یہاں ووٹ خریدنے آئے ہیں لیکن گلگت بلتستان کے عوام بکنے والے نہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اگر شہیدوں کی سرزمین کے عوام ہمارے ساتھ ہیں تو کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ۔