ملک میں کورونا سے مزید 11 افراد جاںبحق ،807 کیسز رپورٹ

36

کراچی/ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 12 ہزار 121 ہوگئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے807 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 993 ہوگئی۔این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 12 ہزار 121 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 14 ہزار 66 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ مزید 11 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 806 ہوگئی۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ہے جس کے بعد صوبے اس وائرس سے جاں بحق ڈاکٹروں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹرمصدق ملک کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مصدق ملک نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام صوبوں کو فوری ہدایات جاری کی ہیں کہ کورونا کی متوقع صورتحال کے پیش نظراسپتالوں میں ضروری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہاہے کہ کورونا وائرس کے انسداد کے لیے شہری حکومت کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔