قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

87

اْن کے آگے جہنم ہے جو کچھ بھی انہوں نے دنیا میں کمایا ہے اس میں سے کوئی چیز اْن کے کسی کام نہ آئے گی، نہ اْن کے وہ سرپرست ہی اْن کے لیے کچھ کر سکیں گے جنہیں اللہ کو چھوڑ کر انہوں نے اپنا ولی بنا رکھا ہے اْن کے لیے بڑا عذاب ہے۔ یہ قرآن سراسر ہدایت ہے، اور اْن لوگوں کے لیے بلا کا درد ناک عذاب ہے جنہوں نے اپنے رب کی آیات کو ماننے سے انکار کیا۔ وہ اللہ ہی تو ہے جس نے تمہارے لیے سمندر کو مسخر کیا تاکہ اس کے حکم سے کشتیاں اْس میں چلیں اور تم اس کا فضل تلاش کرو اور شکر گزار ہو۔ (سورۃ الجاثیہ: 10تا12)
سلیمان بن حرب، شعبہ، قتادہ، انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ جس کسی میں یہ تین باتیں ہوں گی وہ ایمان کی مٹھاس (مزہ) پائے گا، وہ شخص جس کے نزدیک اللہ اور اس کا رسول تمام ماسوا سے محبوب ہو اور وہ شخص جو کسی بندہ سے صرف اللہ تعالیٰ کے لیے محبت کرے اور وہ شخص جو ایمان نصیب ہونے کے بعد کفر اختیار کرنے کو ایسا برا سمجھے جیسے کوئی آگ میں ڈالے جانے کو برا سمجھتا ہے۔ (بخاری)