پابندی ختم، غیرملکی عازمین عمرہ کی آمد کا سلسلہ شروع

228

ریاض: سعودی حکومت نے غیرملکیوں پر عائد عمرہ پابندی ختم کردی جس کے بعد دنیا کے مختلف ممالک سے آج 20 ہزارعازمین عمرہ کی آمد آغاز ہوچکا ہے.

سعودی میڈیا کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کا بین الاقوامی ہوائی اڈہ شاہ عبدالعزیز پر استقبال کیا جائے گا۔ عمرہ زائرین کی آمد سے لے کر ان کی واپسی تک تمام مراحل کی ہدایات آویزاں کردی گئی ہیں، جن میں ہوائی اڈے پر اترنے، بسوں کے ذریعے حرم کی طرف روانگی، چیکنگ پوائنٹس سے گزرنے، عمرہ مناسک کی ادائیگی اور واپسی شامل ہے۔

سعودی حکام کے مطابق دنیا بھر سے آج عمرہ زائرین کی آمد شروع ہوجائے گی اور اب روزانہ 20 ہزار عمرہ زائرین اور 60 ہزار افراد باجماعت نماز ادا کرنے کے ساتھ ساتھ زیارت بھی کرسکیں گے.

وزارت حج وعمرہ نے رجسٹریشن کے لیے ’اعتمرنا ‘نامی ایپ متعارف کرائی ہے جبکہ عمرے کے تیسرے مرحلے کے آغاز کے پیش نظر مسجد الحرام میں کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کرلی گئی ہیں.

انہوں نے کہا کہ عمراہ زائرین پہلے 3 دن تک اپنے ہوٹل میں آئسولیشن میں رہیں گے بعد ازاں خصوصی بسوں میں مسجد الحرام  اور مسجد نبوی ﷺ منتقل کیا جائے گا.

دوسری جانب چیمبر آف کامرس میں ہوٹلز کمیٹی کے رکن ہانی عمیری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے خواہش مند مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے عمرے کی تیاری کر رکھی۔ اور اس حوالے سے 531 سعودی عمرہ ٹور آپریٹر کمپنیاں موجود ہیں، جو اللہ کے مہمانوں کے لیے بہترین خدمات پیش کرنے میں مصروف ہیں،ان کے علاوہ ساڑھے 6 ہزار بیرونی عمرہ ایجنٹ ہیں اور تمام کمپنیوں کے کارکنان کو طبی کورس مکمل کرائے جا چکے ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر غیر ملکیوں کی عمرہ ادائیگی پر عائد پابندیاں ختم کردیں ہیں اور پابندیوں کے خاتمے کے تیسرے مرحلے پر آج سے عمل ہوگا اور مختلف ممالک سے عمرہ زائرین کو لے کرپروازیں جدہ پہنچیں گی۔