پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

229

راولپنڈی:پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو6وکٹوں سے شکست دیکر 3میچوں کی سیریز میں 2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے  گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوین ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پاکستانی ٹیم میں 2تبدیلیاں کی گئی تھیں، وہاب ریاض اور حارث سہیل کی جگہ حیدر علی اور موسی خان ڈیبیو کیا۔

زمبابوے کی بیٹنگ لائن دوسرے ون ڈے میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکی اورپوری ٹیم 46ویں اوور میں 206رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،پاکستان کی جانب سے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افتخار احمد نے10اوورز میں40رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد موسی نے 2، حارث رؤف، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا اور 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 68 رنز بنا لیے،پاکستان کی پہلی وکٹ 68 کے اسکور پر گری جب محمد عابد 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے، پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی  امام الحق تھے جنہوں نے49رنز بنائے ۔پاکستان کی تیسری وکٹ 137 رنز پر گری جب حیدر علی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان صرف ایک رنز پر کر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان نے 207 رنز کا آسان ہدف 35.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا،کپتان بابر اعظم نے اپنے کیر ئیر کی 16 ویں نصف سنچری اسکور کی اور 77 رنز جبکہ افتخار احمد 16رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

پاکستان کی جانب سے 5 وکٹیں لینے والے افتخاراحمد کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا، دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ون ڈے منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔