ملک میں کوروناسے مزید 17اموات ، 648 کی حالت تشویشناک

55

اسلام آباد/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ (خبر ایجنسیاں/ اسٹاف رپورٹر) گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 17مریض انتقال کر گئے جس کے بعد وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد 6823 ہو گئی جبکہ 977 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کوروناوائرس کے کل کیسز کی تعداد 3 لاکھ 33 ہزار970 ہو گئی جبکہ ملک بھر میں اب تک 3 لاکھ 14ہزار 555 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں‘ اس وقت ملک بھر میں 648 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے‘ فعال کیسز کی تعداد 12,592تک پہنچ گئی ۔گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 489 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال پر وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مزید 480 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 4مریض انتقال کرگئے۔ این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کل رپورٹ ہونے والے کورونا کیسزکی تعداد 19 ہزار970ہوگئی ۔ پنجاب ایک لاکھ4 ہزار271، سندھ میں ایک لاکھ 45 ہزار851، خیبر پختونخوا میں 39 ہزار564، بلوچستان میں15ہزار 920، گلگت بلتستان میں4 ہزار261 اور آزاد کشمیر میں4 ہزار133 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے پاکستان میں کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔ پاکستان میں 80 فیصد کورونا کیسز11 بڑے شہروں سے رپورٹ ہوئے۔کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، حیدر آباد، گلگت، مظفر آباد، پشاور ودیگر شامل ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہو گا‘ احتیاطی تدابیر پرعمل پیرا ہو کر ہم کورونا کی دوسری لہرسے نمٹ سکتے ہیں۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے عوام کو خبردار کیاہے کہ اگر انہیں لاک ڈائون سے بچنا ہے تو ایس او پیز پرسختی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنائیں ‘کورونا وائرس کے کیسز کم ضرور ہوئے ہیں لیکن دوسری لہر مزید خطرناک ہوسکتی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایک اور تعلیمی ادارے میں کورونا وائس کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ تعلیمی ادارے کو سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے ۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں واقع ماڈل اسکول فار گرلز جی 9/1 میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔