گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا سیاسی نہیں سیکورٹی معاملہ ہے، فاروق حیدر

125

مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم آزادکشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بناناسیاسی نہیں سیکورٹی کا معاملہ ہے اس لیے اگر ہم گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے اعلان کو یکسرمسترد کرتے ہیں تو ہمارے پاس انہیں دینے کے لیے متبادل آپشن بھی تو ہو۔فاروق حیدر کا جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کو حقوق سے محروم رکھنے اور ہم سے دور رکھنے میں ہماری قیادت بھی برابر کے مجرم ہے۔گلگت بلتستان کے عوام نے بے سروسامانی کی عالم میں خود ہی لڑ کر ڈوگروں سے آزادی حاصل کی، آج گلگت بلتستان کے عوام کو آزادی کی مبارکباد پیش کرتاہوں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا اعلان کیا ہے ، اس اعلان سے صورتحال اب یکسر تبدیل ہوچکی ہے،صوبہ بننے کے بعد گلگت بلتستان والوں کے مزے ختم ہو جائیں گے، گلگت بلتستان کو گندم پر حاصل سبسڈی ختم ہوگی، اب ٹیکس دینا ہو گا۔ راجا فاروق حیدرکاکہنا تھا کہ کشمیر کوئی سرحدی تنازع نہیں یہ حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔تمام اکائیاں مل کر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کافیصلہ کریں گی۔