کینیڈا : تلوار بردار شخص کے حملے میں 2 افراد ہلاک ، 5 زخمی

93

 

اٹاوہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کے شہر کیوبیک میں سالانہ تہوار ہیلووین کے موقع پر ایک تلوار بردار شخص کے حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک 5 زخمی ہوگئے۔کینیڈا کے نشریاتی ادارے سی بی اے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے حملہ آور کو واقعے کے فوراً بعد گرفتار کرلیا جس کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق حملہ اتوار کی رات شہر کے پرانے علاقے پارلیمنٹ ہل کے
سامنے آیا جبکہ حملہ آور قدیم طرز کا لباس پہنا ہوا تھا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جنہیں مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں جبکہ ملزم کو بھی معائنے کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کا دل متاثرہ افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہے ساتھ ہی انہوں نے عوام کو گھروں میں رہنے کے علاوہ آئندہ آنے والے دنوں میں کسی بھی قسم کی معلومات ملنے پر 911 پر رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اہلِ خانہ کے احترام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم متاثرہ افراد کی شناخت ظاہر نہیں کررہے ہیں اور نہ ہی انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ حملہ عمومی تھا یا ہدف بنا کر کیا گیا تھا۔