بلوچستان:لاپتہ لوگوں کو بازیاب کرایا جائے، اختر مینگل

235

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی ( بی این پی ) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کا کہنا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے کبھی عسکریت پسندی کی حمایت نہیں کی، لاپتہ افراد کا مسئلہ اہم ہے، جس کے بغیر بلوچستان کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  اختر مینگل نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے عدم اعتماد کی تحریک اور استعفوں کے منظوری دی ہے، اب پی ڈی ایم کی قیادت جو فیصلہ کرے گی ہم اس کے ساتھ چلیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بلوچستان کو ایک یونٹ کی بجائے ہمیشہ ایک کالونی کی طرح ٹریٹ کیا گیا ہے، لوگ شوق سے ہتھیار نہیں اٹھاتے بلکہ احساس محرومی  اورمظالم سے لوگ مجبور ہوکر پہاڑوں پر چلے گئے۔

بی این پی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ بغیر اختیار کے اقتدار بے معنی ہے، ملک میں کوئی بھی حکمران پنجا ب کے ووٹ کے بغیر نہیں آسکتا تبدیلی کا یہی سلسلہ جاری رہا تو حالات بدل سکتے ہیں، طالبان سے اگر مذاکرات ہوسکتے ہیں تو بلوچستان کے لوگوں سے کیوں نہیں ، جبکہ بلوچی  لوگ تو حقدار بھی ہیں۔

اخترمینگل کا مزید کہنا تھا کہ  آج ملک کے دوسرے علاقوں سے صحافی لاپتہ اور سیاسی رہنمائوں کی آواز دبائی جارہی ہے بلکہ بیلٹ کو بولٹ کے ذریعے تبدیل کیا جارہا ہے۔