ش، ن، م لیگ کی باتیں کرنیوالوں کو پیغام مل گیا ہے ہم اکٹھے ہیں، مریم نواز

191

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے ش ،ن اور(م) لیگ کی باتیں کرنیوالوں کو پیغام مل گیا ہے ہم اکٹھے ہیں.

تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف و سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو منی لانڈرنگ ریفرنس میں کوٹ لکھپت جیل سے بکتربند گاڑی میں لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا،کیا کہیں گے؟ شہبازشریف نے جواب دیا کہ یہ ظلم کی انتہا ہے ،کوئی بات نہیں.

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے کمرہ عدالت میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، احسن اقبال، لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملاقات کی جبکہ کمرہ عدالت میں متعدد لیگی رہنما بھی موجود تھے.

مسلم لیگ ن کی نائب صدر وسابق وزیر اعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جو معیارسیٹ کررہی ہے اس کو بھی بھگتنا پڑے گا.

مریم نواز نے دوران گفتگو  دعوی کیا کہ گلگت بلتستان الیکشن مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی اور اگلا سال الیکشن کا ہے، ش ،ن اور(م) لیگ کی باتیں کرنیوالوں کو پیغام مل گیا ہے ہم اکٹھے ہیں، کم ظرف لوگ 30 سال سے یہ باتیں کر رہے ہیں جبکہ ہمارا خاندان اکٹھا ہے اور رہے گا.

احسن اقبال نے کہا کہ شہبازشریف کو بکتربند گاڑی میں لانے کی مذمت کرتےہیں، یہ ذاتیات پر مبنی احتساب کر رہے ہیں، عمران نیازی کو گھربھجوا کر ہی احتجاج ختم کریں گے جبکہ نااہل حکومت نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے.

لیگی ترجمان نے کہا کہ شہبازشریف سے جیل میں ملاقاتیں بھی بند کردی گئی ہیں جبکہ حسد سے بھرا شخص منہ پر ہاتھ پھیر کردھمکی دے رہا ہے اور سب کو نظر آرہا ہے ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کو ناحق بند کیا ہوا ہے.

دوسری جانب منی لانڈرنگ ریفرنس میں احتساب عدالت نے 11 نومبر تک سماعت ملتوی کردی اور شہبازشریف و دیگرملزمان پر فرد جرم کے لیے 11 نومبر کو طلب کرلیا.