فرانس کا ترک تنظیم پر پابندی لگانے کا اعلان

240

پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک)فرانس نے ترک قوم پرست تنظیم ’گرے وولز‘ پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔فرانس کی جانب سے ترک تنظیم پر پابندی کا معاملہ فرانس کے شہر لیون میں مبینہ آرمینیائی نسل کشی کی یادگار پر چاکنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔گزشتہ دنوں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے معاملے پر جنگ کے بعد فرانس میں ترک کمیونٹی اور آرمینیائی نسل کے افراد کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے جس کے بعد گزشتہ روز مبینہ آرمینیائی نسل کشی کی یادگار پر چاکنگ کی گئی تھی۔ نامعلوم افراد نے گزشتہ روز لیون شہر میں یادگار پر آر ٹی ای (رجب طیب اردوان) اور ترک تنظیم (گرے وولز) کے نام کی چاکنگ کی تھی جسے بعد ازاں فوری طور پر مٹا دیا گیا تھا۔اس حوالے سے فرانسیسی وزیر داخلہ گیرالڈ ڈرامینن نے کہا کہ ترک تنظیم پر پابندی کا معاملہ بدھ کو فرانسیسی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گرے وولز کا تعلق ترکی کی سیاسی جماعت نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی سے ہے جو طیب اردوان کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کی اتحادی ہے۔