انڈر 19 ون ڈے چیمپئن شپ سندھ نے ناردرن کو ہراکر ٹائٹل کا دفاع کرلیا

100

لاہور(نمائندہ خصوصی)انڈر 19 ون ڈے چیمپئن شپ میںسندھ نے ناردرن کو شکست دیدی، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں دفاعی چیمپئن سندھ نے ناردرن کو 53 رنز سے ہرا کر ٹائٹل کا دفاع کرلیا ، اسپنر عالیان محمود نے 4 وکٹیں حاصل کرکے ناردرن سے فتح چھین کر سندھ کی جھولی میں ڈال دی، اسپنر کو مین آف دی فائنل قرار دیا گیا،243 رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 44.3 اوورز میں 189 رنز پر آئوٹ ہوگئی، اوپنر شعیب خان نے 71 اور عبدالفصیح نے 70 رنز بنائے، دونوں بلے بازوں نے دوسری وکٹ کیلئے 147 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد اسپنر عالیان محمود کی گھومتی گیندوں نے ناردرن کے مڈل آرڈر کو مکمل طورپر بے بس کردیا، ناردرن کے 8 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے، عالیان محمود نے 45 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، اس سے قبل سندھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے غازی غوری اور رضوان محمود کی نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ50اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے، غازی غوری 62 اور رضوان محمود 53 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ناردرن کے فیضان سلیم اور مبصر خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں،ایونٹ کی چیمپئن ٹیم کو10 لاکھ جبکہ رنرزاپ کو5 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی،سندھ کے عالیان محمود کو مین آف دی فائنل قرار پانے پر 20 ہزار روپے کی انعام رقم دی گئی،چیمپئن شپ میں 332 رنز اور 26 وکٹیں حاصل کرنیوالے ناردرن کے مبصر خان کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ،524 رنز بنانے والے ناردرن کے عبدالفصیح کو ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین،سدرن پنجاب کے فیصل اکرم 27 وکٹیں حاصل کرکے بہترین بولر اور کے پی کے سلمان خان کو وکٹوں کے پیچھے 21 شکار کرنے پر بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا، ان تمام پرفارمرز کو50,50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی۔