آل رائونڈربلاول بھٹی کو آرام کا مشورہ

67

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آل رائونڈربلاول بھٹی کی سی ٹی اسکین رپورٹ کلیئر آنے پر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا اور ڈاکٹرز نے انہیںآئندہ چند روز مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کے مطابق بلاول بھٹی کا پیر کو کراچی کے مقامی ہسپتال میں سی ٹی اسکین کیا گیا،اسکین کی رپورٹ کلیئر آنے پر آل رائونڈر کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا،انہیں آئندہ چند روز کے لیے مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ یادرہے کہ سدرن پنجاب کی پہلی اننگز کے 85ویں اوور کی پہلی گیند پر (صبح11:24 بجے)خرم شہزاد کی گیند بلاول بھٹی کے سر پر لگی۔اس وقت سدرن پنجاب کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز تھا۔ پلیئنگ کنڈیشنز 1.2.7.1.2کے تحت میڈیکل ٹیم کے ایک نمائندے نے بلاول بھٹی کا معائنہ کیا جس کے نتیجے میں بلاول بھٹی میدان سے باہر چلے گئے۔ میڈیکل ٹیم کے نمائندے نے ٹیم ٹریٹمنٹ روم میں بلاول بھٹی سے کن کشن قانون کے لیے مقررہ چند سوالات پوچھے، جن کے درست جوابات دینے پر بلاول بھٹی کو(ضرورت پڑنے پر)اپنی اننگز دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی۔90.5 اوورز میں سدرن پنجاب کی 9 وکٹیں گرنے کے بعد بلاول بھٹی نے دوبارہ میدان میں قدم رکھا۔بلاول بھٹی سدرن پنجاب کے آخری آئوٹ ہونے والے بیٹسمین تھے۔سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 92.2 اوورز میں آئوٹ ہوگئی۔ میدان میں واپسی پر 7 گیندیں کھیلنے والے بلاول بھٹی نے میچ میں مجموعی طور پر 11 گیندیں کھیلیں۔ اننگز بریک کے دوران میڈیکل ٹیم کے نمائندے نے بلاول بھٹی کا ایک مرتبہ پھر معائنہ کیا اور انہوں نے چند ضروری ٹیسٹ کے لیے آل رائونڈر کو ہسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا۔پی سی بی کی وینیو سے متعلق ہدایات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں موجود ایمبولینس سروس کے ذریعے کھلاڑی کو گرائونڈ سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔