دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کو مسلسل دوسری شکست ، نعمان علی کے 11 شکار

86

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں پیر کو ناردرن نے کپتان نعمان علی کے 11 شکار کی بدولت سینٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔ ناردرن نے دوسری اننگز میں 33 رنز کا ہدف محض 5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 195 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز سے میچ کے تیسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم 64.3 اوورز میں 227 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ کپتان اظہر علی نے 63 اور کامران اکمل نے 49 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے نعمان علی نے دوسری اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے 159 رنز کے جواب میں ناردرن نے اپنی پہلی اننگزمیں 354 رنز بنائے تھے۔ اسی طرح نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے آخری روز سدرن پنجاب کو جیت کے لیے مزید84 رنز جبکہ بلوچستان کو7 وکٹیں درکار ہیں۔ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سدرن پنجاب نے154 رنز کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹ کے نقصان پر70 رنز بنالیے ۔ اس سے قبل 41 رنز کے سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی پوری ٹیم112 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ بلاول بھٹی کی جگہ کن کشن متبادل کی حیثیت سے ٹیم میں شامل ہونے والے محمد عباس نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بلاول بھٹی گیند لگنے کے باعث کن کشن قانون کے تحت میچ سے آئوٹ ہوگئے ۔ اسپنرزاہد محمود نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میچ کی پہلی اننگز میں سدرن پنجاب کی ٹیم بلوچستان کے 372 رنز کے جواب میں 331 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ تیسرے روز سدرن پنجاب نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا۔میچ کے تیسرے روز مجموعی طور پر 18 وکٹیں گریں۔ بلوچستان کے کپتان یاسر شاہ نے میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں میچ میں سندھ کواپنی دوسری اننگز میں خیبرپختونخوا پر128رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے جبکہ اس کی ابھی 7 وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے قبل سندھ کے 361 رنز کے جواب میں کے پی کی پوری ٹیم 307 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ اسرار اللہ نے 67 ، ریحان آفریدی 53 اور عثمان شنواری نے 49 رنز بنائے۔ عاشق علی نے 5 جبکہ سہیل خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔