عمران خان نے اتحادی جماعتوں کو عشایئے کی دعوت دیدی

78

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کو عشایئے کی دعوت دے دی، عشایئے میں مسلم لیگ ق، ایم کیوایم ، جی ڈی اے، بی اے پی شامل ہوں گی، وزیراعظم سیاسی معاشی اور قومی سلامتی کی صورتحال پر اتحادی جماعتوں کے سربراہان
سے مشاورت بھی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے خلاف بھرپور انداز میں میدان میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔وزیراعظم نے پارٹی وحکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں اس حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی ہے کہ اپوزیشن کے حکومت اورریاست مخالف بیانیے کو کس طرح کاؤنٹر کیا جائے۔ اس صورتحال پر مشاورت کیلیے وزیراعظم عمران خان نے 5نومبر کو اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق، ایم کیوایم ، جی ڈی اے، بی اے پی ودیگر کو عشایئے پر مدعو کرلیا ہے۔اتحادی جماعتوں سے قومی سلامتی اور معاشی و سیاسی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔اسی طرح اتحادی جماعتوں کی تجاویز پر آگے بڑھنے پر غور کیا جائے گا۔