لسبیلہ ،ایکسائز پولیس کی کارروائی،دو ملزمان منشیات سمیت گرفتار

81

لسبیلہ (نمائندہ جسارت) ایکسائز اینٹی نارکو ٹیکس فورس لسبیلہ کی کوسٹل ہائے وے روڈ پیر بمبور کراس پر بڑی کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، ویگو گاڑی سے 30 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 12 کلو افیوم برآمد، دو ملزمان گرفتار، مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ اینٹی نارکو ٹیکس فورس ساؤتھ زون بلوچستان محمد زمان خان کی خصوصی ہدایت پر ای ٹی او، لسبیلہ سہیل احمد انچارج اینٹی نارکو ٹیکس فورس لسبیلہ فیصل اقبال کھوسہ کی نگرانی میں ایکسائز اینٹی نارکو ٹیکس فورس لسبیلہ کی ٹیم انسپکٹر اعجاز شاہین، کانسٹیبلان اکرام خان رونجھو، وحید احمد، امیر بخش، انضمام رونجھو و دیگر نے کوسٹل ہائی وے پیر بمبور کراس پر کراچی اسمگل ہونے والی منشیات برآمد کرلی، ملزمان ویگو گاڑی کے ذریعے منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے جسے ایکسائز اینٹی نارکو ٹکس فورس لسبیلہ نے ناکام بنادیا، دوران چیکنگ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 30 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس جبکہ 12 کلو افیوم برآمد کرلی گئی جبکہ گاڑی میں سوار دو ملزمان کو گرفتار کرکے گاڑی و منشیات سمیت تحویل میں لے کر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ اینٹی نارکو ٹیکس فورس ساؤتھ زون بلوچستان محمد زمان خان کا کہنا تھا کہ منشیات کی مالیت عالمی منڈی میں کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ منشیات کے حوالے سے ایکسائز اینٹی نارکو ٹکس فورس کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، ایکسائز اینٹی نارکو ٹیکس فورس کی رواں مہینے میں یہ چوتھی بڑی کامیاب کارروائی ہے۔