نگرانی کے لیے نئی ٹیکنالوجی متعارف

227

معروف امریکی کمپنی ایمازون نے گھر اور دفتر کی نگرانی کے لیے سرویلنس ڈرون متعارف کروادیا۔

تفصیلات کے مطابق گھر یا دفتر کی نگرانی کے لیے امریکی کمپنی ایمازون نے نئی ٹیکنالوجی متعارف کروادی، اس خود کار ڈرون میں کیمرے نصب ہیں، آپ کی غیرموجودگی میں یہ ڈرون چوکنا رہے گا۔

اگر گھر میں کوئی شخص داخل ہوگا تو یہ فضا میں اڑنا شروع کردے گا اور آپ کے فون کی اسکرین پر گھر میں گھسنے والے شخص کی سرگرمیاں دکھائی دینا شروع ہوجائیں گی۔

یہ ڈرون ’رِنگ‘ ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین کے اسمارٹ فون سے منسلک ہوگا اور اسی ایپ پر صارفین کو ان کے گھر کا لائیو منظر دکھائے گا۔

اس ڈرون کا کیمرا صرف اسی صورت میں ریکارڈنگ کرے گا جب یہ ہوا میں اڑ رہا ہو گا اور اڑتے ہوئے اس سے ایک ساﺅنڈ نکلے گا جس سے نیچے موجود لوگوں کو پتہ چل جائے گا کہ اس کا کیمرا ریکارڈنگ کر رہا ہے۔

ایمازون کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمرے جس جگہ نصب کر دیئے جائیں صرف وہیں کا منظر دکھاتے ہیں، اس ڈرون کی مدد سے آپ پورے گھر کو دیکھ سکتے ہیں کہ کہاں کیا سرگرمی ہو رہی ہے۔