چیئرمین نیب کے اثاثوں کی تفصیلات نہیں دی جا سکتیں، انفارمیشن کمیشن کافیصلہ

90

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انفارمیشن کمیشن نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سمیت نیب افسران کے اثاثوں کی تفصیلات کے معاملے پر فیصلہ سنا دیا۔ پی آئی سی نے شہری کی درخواست پر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سمیت نیب افسران کے اثاثوں کی تفصیلات پر فیصلہ سنایا۔ انفارمیشن کمیشن کے کمشنر زاہد عبداللہ نے فیصلے میں لکھا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نیب کے اثاثوں کی تفصیلات نہیں دی جاسکتیں۔فیصلے کے مطابق نیب کے ڈائریکٹرز ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور نیب کے ریجنل ڈی جیز کے اثاثوں کی بھی معلومات نہیں دی جا سکتیں۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نیب افسران اور اہلخانہ کے اثاثے عام کرنے سے ان کی پرائیویسی کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا اثاثوں کی نجی معلومات مفاد عامہ میں نہیں۔ علاوہ ازیں فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اپنے افسران کے خلاف تمام تحقیقاتی رپورٹس 28 نومبر تک عام کرے۔