یوٹیلیٹی اسٹورز پر خوردنی تیل اور گھی مزید38روپے فی کلو مہنگا

99

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف برانڈ کے گھی اور خوردنی تیل 5 سے 38 روپے کلو تک مہنگے کر دیے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف برانڈ کے درجہ اول، دوم اور سوم کا گھی 5 سے 38 روپے فی کلو مہنگا کر دیا گیا ہے۔ کوکنگ آئل، کینولا آئل اور سن فلاور آئل بھی 3 سے 37 روپے لیٹر مزید مہنگے ہو گئے ہیں۔ اضافے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی کی فی کلو قیمت 253 روپے جبکہ خوردنی تیل کی قیمت 255 روپے لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 8.91 فیصد جبکہ ستمبر 2020ء میں 9.04 فیصد تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2019ء میں مہنگائی کی شرح 11 فیصد تھی۔ جولائی تا اکتوبر 2020ء مہنگائی کی شرح 8.86 فیصد رہی۔ ماہانہ بنیاد پر شہری علاقوں میں ٹماٹر 48.36 فیصد جبکہ پیاز 39.07 فیصد مہنگا ہوا۔ چکن 26.62 فیصد، انڈے 23.81 فیصد، چینی 4.58 فیصد اور گندم کا آٹا 4.1 فیصد مہنگا ہوا۔ دیہی علاقوں میں ٹماٹر ماہانہ بنیادوں پر 64.99 فیصد ، پیاز 58.39 اور انڈے 24.88 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ چکن 23.14 فیصد، چینی 4.89 فیصد اور گندم کی قیمت میں 5.54 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔