افغانستان سے سیکورٹی فورسز پر حملہ، ایف سی اہلکار شہید

49

راولپنڈی(صباح نیوز) بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان سرحد پر منزکئی سیکٹر میںسرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے سرحد پر فرنٹیئر کور کی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا ۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 22سالہ نائیک فخر عباس شہید اور 2جوان زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مسلسل افغان حکام سے سرحد پار موثر سرحدی نظم و نسق کا معاملہ اٹھاتا رہتا ہے۔ سرحد کے آرپار دہشت گردی کی روک تھام کیلیے موثر سرحدی نظم و نسق ضروری ہے۔واضح رہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا۔14 اکتوبر کو صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں سیکورٹی فورسز کی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں حوالدار تنویر نے جام شہادت نوش کیا۔قبل ازیں 22 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔5 اگست کو سرحد پار سے دہشت گردوں اور افغان بارڈر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے مختلف واقعات میں فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔