جماعت اسلامی کوٹری کی فرانس کیخلاف احتجاجی ریلی

79

کوٹری(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی جامشورو کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف تحفظ ناموس رسالت احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت عبدالوحید قریشی سابق چیئرمین بلدیہ کوٹری یونس شیخ ،سابق تعلقہ ناظم عبدالرحمن میمن، اقبال شیخ اور اعجاز شیخ کررہے تھے۔ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکا عیدگاہ سے پیدل مارچ کرتے ہوئے شہر کی مرکزی کاروباری شاہراہ لیاقت روڈ سے ہوتے ہوئے المدینہ چوک پہنچے جہاں مظاہرین نے فرانس کے صدر کا پتلا نذر آتش کیا اور سخت نعرے بازی کی۔اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت کیلیے پاکستان کا بچہ بچہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کو تیار ہے فرانسی صدر نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرکے لاکھوں مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان خون کے آخری قطرے تک ناموس رسالت کی حفاظت کریں گے یہ ہمارے ایمان کاحصہ ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر پابندی عائد کی جائے اور گستاخ رسول کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔