بلدیہ عظمیٰ ‘ ڈی ایم سیزکیلیے 80 کروڑ 33 لاکھ روپے کے فنڈز جاری

111

کراچی ( رپورٹ :محمد انور) حکومت سندھ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ڈی ایم سیز کے لیے 80 کروڑ 33 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کردیے۔ اس رقم میں ماہانہ کے ایم سی کو جاری کی جانے والی گرانٹ 43 کروڑ روپے کی گرانٹ کے ساتھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل اور کے ایم سی کے ملازمین کی پینشن اور تنخواہوں کی مد میں رقم شامل ہے جبکہ دیے گئے فنڈز میں سے 33 لاکھ روپے کی کٹوتی بھی کرلی گئی ہے۔ یہ کٹوتی عباسی شہید اسپتال کے ملازمین کی تنخواہوں کے لیے دیے جانے والے دس لاکھ روپے کے قرض کی مد میں بلاتعطل کاٹے جارہے ہیں۔ یادرہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی گزشتہ دو سال سے مالی بحران کا شکار ہے۔ اس کے لیے منتخب سابق میئر نے فوری 5 ارب روپے کی گرانٹ دینے کا مطالبہ کیا تھا اور ساتھ ہی آکٹرائے ضلع ٹیکس کی مد میں بھی اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں مگر مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے کٹوتی کرنے لگے ہیں جس کی وجہ سے بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کو ہر ماہ تنخواہوں کی ادائیگی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔