حکمرانوں کے کھوکھلے نعروں سے عوام تنگ آچکے‘ خادم رضوی

62

راولپنڈی (آن لائن ) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے کھوکھلے نعروں سے عوام تنگ آچکے،گستاخانہ خاکوں کی اشاعت امت مسلمہ پر حملہ اور اعلان جنگ ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم پرہم اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں ،توہین رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہر گز ہرگز قبول نہیں کریں گے، دنیا کے ڈیڑھ ارب سے زاید مسلمان اپنے آقا و مولا صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی جان ، والدین ،اولاد اور مال سے بڑھ کر محبت کرتے ہیں ، ہم رسمی طورپر لبیک یارسول اللہ کانعرہ نہیں لگاتے، ان کے نام پرجانوں کے نذرانے پیش کرنے کو سعادت سمجھتے ہیں ،فرانسیسی صدر کا بیان اور حکومتی سرپرستی میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت سے کروڑوں مسلمانوں کے دل مجروح کیے گئے ہیں، گستاخانہ خاکو کی اشاعت امت مسلمہ پر حملہ اور اعلان جنگ ہے ، حکمرانوں کے کھوکھلے نعروں سے عوام تنگ آچکے ،رسمی مذمتی بیان بازی سے باز آئیں ،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکمران عملی اقدامات اٹھائیں ، فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کریں اور پیرس سے پاکستانی سفارت کار کو احتجاجاً واپس بلائیں اور حکومتی سطح پر فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں، یہ ہمارا چھوٹا سا مطالبہ ہے ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، پھر نہ کہنا کہ مہلت نہیں دی۔