ایل او سی پر رہنے والوں کا تحفظ یقینی بنائیںگے ، آرمی چیف

49

راولپنڈی(آن لائن)آر می چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن کے اطراف بسنے والے کشمیریوں کی جرات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاک فوج کنڑول لائن پر بسنے والی آبادی کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنائے گی ۔ آئی ایس پی آ ر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا،جہاں آرمی چیف کو کنڑول لائن کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور راولپنڈی کور کی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بھی جامع طور پر آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ وہ ایل او سی کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کی جرات کو سراہتے ہیں،بھارتی فوج جان بوجھ کر کشمیری آبادی کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج کنڑول لائن پر بسنے والی آبادی کے تحفظ اور سیکورٹی کو یقینی بنائے گی۔آرمی چیف کو راولپنڈی کنٹونمنٹ میں کیے گئے ترقیاتی کاموں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوںنے ترقیاتی کاموں میں پیش رفت پر اظہار اطمینان اور سول ایڈمنسٹریشن کو بھی سراہا۔