قائداعظم ٹرافی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا کووڈ ٹیسٹ منفی

113

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں شریک 131 کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور میچ آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے جبکہ بلوچستان ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز بسم اللہ خان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بسم اللہ خان سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں طبیعت خراب ہونے پر میچ سے دستبردار ہو گئے تھے۔ بسم اللہ خان کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ کروا لیے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قائداعظم ٹرافی کے دوران متعدد کھلاڑی وبائی امراض کا بھی شکار ہونے لگے ۔ سندھ کے فاسٹ بولر میر حمزہ کو بھی طبیعت ناساز ہونے پر گھر بھیجا گیا تھا۔ براڈکاسٹنگ ٹیم کے کئی ممبران بھی وائرل کا شکار ہوگئے ہیں۔تمام افراد 6 نومبر سے شروع ہونے والے قائداعظم ٹرافی کے تیسرے رئوانڈ میں شرکت کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایک فرد کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پر پی سی بی کے پروٹوکولز کے مطابق ایونٹ میں شریک باقی تمام افراد کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منگل کی دوپہر کو کیے گئے۔ اس فرد کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے پراسیٹیم ہوٹل میں قائم کردہ آئسولیشن روم منتقل کردیا گیا ہے۔پی سی بی کے مقررہ ڈاکٹرز اس فرد کی صحت کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔ دریں اثنا ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان نے کہا ہے کہ جب تک کورونا وائرس سے نجات کے لیے ویکسین تیار نہیں ہوجاتی، دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کو بھی آئندہ کچھ عرصہ کورونا کے ساتھ جاری رہنا ہے، پاکستان کرکٹ کے مستقبل اور کھلاڑیوں کی صحت کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے کوویڈ 19 کے لیے سخت پروٹوکولز تیار کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام پروٹوکولز بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دئیے گئے ہیں کیونکہ ہمارے لیے شرکا کی صحت اور حفاظت ہی پہلی ترجیح ہے۔ندیم خان نے کہا کہ پی سی بی سمجھتا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ ایک مشکل حالات میں کھیلی جارہی ہے اور ہم یہاں شریک تمام افراد کے تعاون کو سراہتے ہیں، ہم ان ایونٹس میں شریک تمام افراد کو ایک مرتبہ پھر یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ وہ ان مقابلوں کے لیے ترتیب کیے گئے کوویڈ 19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کریں کیونکہ یہ انہی کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر بنائے گئے ہیں۔قائداعظم ٹرافی کا تیسرا رائونڈ کل سے شروع ہوگا ، 9 نومبر کو مکمل ہونے والے اس رائونڈ کے بعد فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 11 روز کا وقفہ ہوگا، اس دوران پاکستان سپرلیگ 2020 کے باقی ماندہ4 میچز 14، 15اور 17 نومبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔پی سی بی کے شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز کی جانب سے تیار کردہ کوویڈ 19 پروٹوکولز پر عملدرآمد کروانے کے لیے لاجسٹک ڈیپارٹمنٹ نے شرکا کو فور اور5 اسٹار ہوٹل میں رہائش دے رکھی ہے، جہاں ان کے لیے گیم اور میٹنگ رومز کے علاوہ علیحدہ ڈائننگ روم موجود ہیں، اس کے علاوہ شرکا کے استعمال میں آنے والی ٹیم بسیں اور ڈریسنگ رومز کو سینیٹائز کیا جاتا ہے۔علاوہ ازیں پی سی بی کے شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز ڈومیسٹک سیزن 2020-21 کے آغاز سے اب تک ڈومیسٹک کھلاڑیوں،سپورٹ اسٹاف اور میچ آفیشلز کے مجموعی طور پر 1091 کوویڈ19 ٹیسٹ کرواچکا ہے۔ جس میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ (فرسٹ اور سیکنڈ الیون414 )، قائداعظم ٹرافی (4اور3 روزہ کرکٹ 260 )، قومی انڈر19 (ون ڈے ٹورنامنٹ 252 )،اور میچ آفیشلز کے 90 ٹیسٹ شامل ہیں۔پاکستان اور زمبابوے کے مابین سیریز کے لیے کل92 ٹیسٹ کروائے جاچکے ہیں جبکہ مختلف ایونٹس میں دیگر 295 ٹیسٹ بھی کیے گئے ہیں۔