لاہور (این این آئی) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے پنجاب کے مختلف اضلاع اور لاہور میں احتجاج کے دوران کسانوں کی گرفتاریوں پر صدر کسان بورڈ چودھری شوکت علی چدھڑ اور صدر کسان بورڈ لاہور ڈویژن میاں رشید منہالہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کسان بورڈ کے رہنماؤں سے سیکڑوں کسانوں کی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ سیکڑوں کسانوں کی گرفتاریاں پنجاب حکومت کی نااہلی اور ناکام گورننس کا ثبوت ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں کسان بورڈ کے رہنماؤں کو چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرکے گرفتار کیا گیا جو شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی، کھاد، زرعی ادویات نے غریب کسان کی کمر توڑ دی ہے، اپنے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنے والے کسانوں کی گرفتاریاں پنجاب حکومت کی نااہلی اور ناکام گورننس کا ثبوت ہے۔ پنجاب حکومت کسانوں کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کے بجائے گرفتاریوں جیسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور گرفتار کسان رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے، گرفتار کسانوں کو فی الفور رہا نہ کیا گیا تو جماعت اسلامی لاہور کسانوں کے ساتھ مل کر اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔