کسانوں کے جائز مطالبات پورے اور گرفتاریوں بند کی جائیں

56

فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے فیصل آباد ،گوجرانوالہ، قصور، چینیوٹ،ساہیوال اور لاہورسمیت پنجاب کے کئی اضلاع سے کسان بورڈ کے رہنماؤں کو لاہور دھرنے میں شرکت سے روکنے کے لیے پولیس کی طرف سے چادر اور چار دیواری کے تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں پر چھاپے اور پکڑ دھکڑ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ہوش کے ناخن لے، کسانوں کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں اور گرفتاریوں کاسلسلہ بند کیا جائے،اگر کسان بورڈ کے گرفتار رہنماؤں کو فوری طور پر رہا نہ کیاگیا تو جماعت اسلامی پنجاب بھر میںحکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کرے گی۔انہوں نے کہا کہ واپڈا کی طرف سے اوور بلنگ،کھادوں،بیج اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر دیا گیا ہے مگر دوسری طرف گندم اور گنے سمیت دوسری فصلوں کی قیمتیں انتہائی کم ہیں جس کی وجہ سے کسان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے نام پر ٹوکن سبسڈی سسٹم محض فراڈ ہے ،حکومت کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں براہ راست کمی لائے، ٹیوب ویلوں کے بلوں کے لیے فلیٹ ریٹس مقرر کرے، حالیہ زرعی ٹیکس میں اضافہ فوری واپس لے، کسانوں کے لیے بلا سود زرعی قرضہ جات جاری کیے جائیں، ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں کو آفتزدہ قرار دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کے ساتھ حکومتی رویہ سوتیلی ماں جیسا ہے ۔اس شعبے سے وابستہ افراد کو ان کے گھروں کی دہلیز پر ریلیف فراہم کیا جائے۔